شاہجہاں پور 15/اپریل (ایس او نیوز): اترپردیش کے شاہجہاں پور میں ہفتہ کی دوپہر پیش آئے ایک بڑے حادثہ میں ایک درجن سے زائد افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد لوگوں کو چوٹیں آئیں۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق 42 افراد سے بھری ٹریکٹر ٹرالی ایک پل پر سے نیچے گر گئی۔ جس کے بعد جائے وقوع پر کہرام مچ گیا۔ بتایا جارہا ہے کہ ٹرالی میں سوار گاؤں والے قریبی گاؤں میں منعقد بھاگوت کتھا میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ تمام زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ریسکیو کام جاری ہے۔ حادثے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بچاؤ کام تیز کرنے کی ہدایت دی ہیں۔ مرنے والوں میں کئی خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ حادثہ تلہار تھانہ کے بیرسنگ پور گاؤں کے قریب پیش آیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ عظمت پور گاؤں میں جاری بھاگوت کتھا کے لیے گاؤں والے دو ٹریکٹر ٹرالیوں میں سوار گڑا ندی سے گرامین جل (مخصوص پانی) لانے گئے تھے۔ واپسی کے دوران دونوں ٹریکٹروں کی ریس لگ گئی۔ دونوں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کے دوران ایک ٹریکٹر کا توازن بگڑ گیا اور وہ پل سے نیچے گر گیا۔ جس جگہ ٹرالی گری وہ خشک زمین تھی۔
حادثے کی شدت کو دیکھتے ہوئے این ڈی آر ایف کی ٹیمیں بھی بچاؤ کے کام میں لگی ہوئی ہیں۔ ڈسٹرکٹ میجسٹریٹ اومیش پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ حکومت نے مرنے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو پچاس ہزار روپے دینے کی ہدایت دی ہے۔